اپنی چھت…… اپنا گھر پروگرام کے تحت مکانوں کی تعمیر شروع، وزیر اعلیٰ مریم نواز مانیٹرنگ کریں گی
پنجاب میں مکانوں کی تعمیر کا آغاز
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ”اپنی چھت……اپنا گھر“ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں مکانوں کی تعمیر شروع ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پروگرام کے تحت مکان بنانے والے خوش نصیب شہریوں کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صرف 2 ماہ کی ریکارڈ مدت میں لاہور، قصور اور دیگر اضلاع میں پہلی قسط حاصل کرنے والے افراد نے زور و شور سے مکانوں کی تعمیر شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: وحشت سرائے فکر سے الجھوں گا ایک روز۔۔۔
قرض کی دوسری قسط کا اجراء
وزیر اعلیٰ نے ”اپنی چھت…… اپنا گھر“ پروگرام کے قرض کی دوسری قسط کا اجراء شیڈول کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ہر ضلع میں درخواست گزار کی آسانی کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سپیشل ڈیش بورڈ پر ”اپنی چھت…… اپنا گھر“ پروگرام کی مانیٹرنگ کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو فیلڈ میں مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم
درخواستیں اور رجسٹریشن کی تفصیلات
وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساڑھے پنج لاکھ سے زائد افراد ''اپنی چھت، اپنا گھر'' پروگرام کیلئے پورٹل سے رجوع کر چکے ہیں۔ ”اپنی چھت……اپنا گھر“ پروگرام کیلئے تقریباً پونے چار لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا، ہونڈا اور سوزوکی کے مقابلے میں نئی انٹری نے پاکستانی آٹو سیکٹر کی تازہ دم کر دیا
وزیر اعلیٰ کی ترجیحات
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ غریب آدمی کیلئے اپنی چھت میری ترجیحات میں اولین ہے۔ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی حقدار قرض سے محروم نہ رہ جائے۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ”اپنی چھت…… اپنا گھر“ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں موجود افراد
سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر ہاوسنگ بلال یاسین، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری ہاوسنگ اسد اللہ خان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، ڈی جی پھاٹا سیف انور جپہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔