چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کیوں نہیں آرہے؟ مداح کے سوال پر سوریا کمار نے کیا جواب دیا؟
سوریا کمار یادیو کا پاکستان نہ آنے پر ردعمل
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کا پاکستانی فین کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہ آنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی صورتحال
تفصیلات کے مطابق بھارت نے آئندہ برس فروری میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستانی حکومت بھارت کے نہ آنے پر اس سے میچز کے بائیکاٹ کا کہہ چکی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے مائنس انڈیا فارمولے پر غور شروع کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو
ایسے میں ایک پاکستانی فین نے بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو (جو ان دنوں جنوبی افریقا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل رہے ہیں) سے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی وجہ پوچھ لی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں سوریا کمار یادیو ساتھی کرکٹر رنکو سنگھ کے ہمراہ بظاہر ایک گیمنگ زون میں کھڑے نظر آرہے ہیں۔
مداح کا سوال اور سوریا کا جواب
بھارتی کرکٹرز کو دیکھ کر وہاں موجود فینز اکھٹا ہوگئے۔ ایسے میں ایک پاکستانی فین نے سوریا کمار یادیو سے سوال کیا کہ آپ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کیوں نہیں آ رہے؟
جس پر بھارتی کپتان نے جواب دیا کہ 'یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے'۔
آنے والے ایونٹس کی میزبانی
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی پر پاک بھارت تنازع حل نہ ہوا تو مالی نقصان آئی سی سی کا بھی ہوگا۔ بھارتی رویے کے خلاف پاکستانی پالیسی موجودہ سائیکل میں آئی سی سی کی آمدن پر اثر انداز ہوگی۔
بھارت کو 2024 سے 2031 تک آئی سی سی کے 4 ایونٹس کی میزبانی کرنا ہے۔ پاکستانی حکومت کی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کی پالیسی ان ایونٹس میں پاکستان کی شرکت ناممکن بنا سکتی ہے۔ حکومت پاکستان کی موجودہ پوزیشن کے بعد آئی سی سی میں بھی ہلچل ہے۔
بھارت کو اگلے سال ویمن ورلڈ کپ، 2026 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، 2029 میں چیمپئنز ٹرافی اور 2031 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا ہے۔ پاکستان کا ان ایونٹس سے دستبردار ہونا آئی سی سی کے براڈکاسٹ ریونیو پر اثر انداز ہوگا.