عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں کتنے مقدمات درج، تفصیلات عدالت میں جمع
عمران خان کے خلاف مقدمات کی تعداد
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے مختلف تھانوں میں 62 مقدمات درج ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دی
عدالت میں سماعت
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔ اسلام آباد پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے عدالتی حکم پر عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی حتمی رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق مختلف تھانوں میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 62 مقدمات درج ہیں۔
نورین نیازی کا اقدام
یاد رہے کہ نورین نیازی نے اڈیالہ جیل میں قید اپنے بھائی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ پولیس نے گزشتہ سماعت پر مقدمات کی زبانی تفصیل بتائی تھی تاہم عدالت نے حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔