مجھے کرکٹ کھیلنے پر افسوس ہے، معروف بھارتی کپتان اظہر الدین کا بیان

محمد اظہر الدین کا نام ہٹانے کا فیصلہ
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے اسٹیڈیم کے ایک اسٹینڈ سے اپنا نام ہٹانے کے فیصلے پر شدید مایوسی اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو کرکٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شارجہ چلڈرن ریڈنگ فیسٹیول کی طرف سے ایکسپو سینٹر شارجہ میں اردو فیسٹ 2025 کا انعقاد
اظہار مؤقف
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اظہرالدین کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہوئے مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہے کہ مجھے کرکٹ کھیلنے پر افسوس ہے۔ ایسے لوگوں کو دیکھ کر دل دکھتا ہے، جنہیں اس کھیل کے بارے میں کچھ نہیں معلوم یا وہ اس کھیل کی بہت کم سمجھ رکھتے ہیں لیکن پھر بھی وہ انتظامی عہدوں پر فائز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول نے سخت جملوں کا استعمال کیا، ہم سوال پوچھ لیں تو توہین ہو جاتی ہے:عظمٰی بخاری
الزامات اور نتیجہ
خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر پر الزام ہے کہ انہوں نے 2019 سے 2023 تک حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے جانبدارانہ فیصلے کیے جن سے مفادات کا ٹکراؤ ہوتا تھا۔ اظہرالدین کے خلاف یہ الزام ایک مقامی کرکٹ کلب کی جانب سے عائد کیا گیا تھا جس کے بعد حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے نارتھ اسٹینڈ سے ان کا نام ہٹا دیا۔
عدالتی کاروائی کی تیاری
سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گے۔ انہوں نے بی سی سی آئی سے بھی اپیل کی کہ اس معاملے پر مداخلت کرے۔