کے پی کے میں آندھی، طوفان اور بارش سے 8 افراد جاں بحق، لاہور میں دو زخمی

آندھی اور طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد
پشاور، لاہور (آئی این پی) پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 27 مئی سے اب تک آندھی، طوفان اور بارش کے نتیجے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
یہ بھی پڑھیں: صارفین کی شکایات کے ازالے کیلیے لیسکو ہیڈ کوارٹرز میں ای کچہری، فوری احکامات جاری
زخمیوں کی تعداد اور متاثرہ علاقے
رپورٹ کے مطابق، خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث 21 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق زخمیوں میں 10 مرد، 5 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ بارشوں نے مجموعی طور پر 25 گھروں کو نقصان پہنچایا، جن میں 24 گھروں کو جزوی نقصان اور ایک گھر کو مکمل طور پر منہدم کر دیا گیا۔ یہ حادثات پشاور، مردان، صوابی، شانگلہ، سوات، تورغر، مہمند، مانسہرہ، اور ہری پور میں پیش آئے۔
لاہور اور دیگر شہروں میں صورتحال
لاہور میں آندھی، اسلام آباد، راولپنڈی اور کھاریاں، سیالکوٹ میں بارش کی وجہ سے متعدد علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی معطل ہو گئی۔ صوبائی دارالحکومت کے علاقے باگڑیاں میں آندھی کے نتیجے میں دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سوات کے بالائی علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی، جبکہ مردان شہر اور گردونواح میں تیز ہواں کا راج رہا۔ بٹ خیلہ، ہری پور اور گردونواح میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔