کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، 4 افراد جاں بحق

کراچی میں ٹریفک حادثات
کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں آن لائن فوڈ سروس کے رائیڈر سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تلوار کے قریب حادثہ
نجی ٹی وی جیونیوز نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ 3 تلوار کے قریب کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ پولیس نے کار سوار شخص کو گرفتار کر لیا۔
ڈیفنس میں رائیڈر کی موت
ڈیفنس خیابان نشاط پر ڈبل کیبن گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس سے موٹر سائیکل سوار آن لائن فوڈ ڈیلیوری کمپنی کا رائیڈر مرتضیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ملزم کی شناخت
پولیس کا بتانا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور عثمان شاہ راشدی کو گرفتار کرکے گاڑی سمیت درخشاں تھانے منتقل کردیا گیا ہے، ملزم سابقہ ڈی آئی جی پیر حسن شاہ راشدی کا پوتا ہے۔
شارع فیصل کا حادثہ
دوسری جانب شارع فیصل کارساز کے قریب نامعلوم گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں بیٹا جاں بحق اور ماں شدید زخمی ہوئی۔ مرنے والے نوجوان کی شناخت شمعون کے نام سے کی گئی ہے۔
قیوم آباد واقعہ
اس کے علاوہ قیوم آباد جام صادق پل پر نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ایک نامعلوم شخص کو روند ڈالا۔