الحمدللہ! ہر میدان سے خوشیوں اور خوش خبریوں کی ہوا چل پڑی ہے: وزیر اعلیٰ کی ارشد ندیم اور یاسر سلطان کو مبارکباد

مبارکباد کی تقریب
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 52 سال بعد ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں بھارتی حریف کو ہرا کر گولڈ میڈل لینے پر ارشد ندیم اور یاسر سلطان کو مبارکباد دی ہے۔
کامیابی کے تسلسل کے لیے نیک تمنائیں
وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم اور یاسر سلطان کی کامیابی کے تسلسل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ الحمدللہ! پاکستان کے لیے ہر میدان سے خوشیوں اور خوشخبریوں کی ہوا چل پڑی ہے۔ ارشد ندیم کے نیزے کے ساتھ قوم کی دعائیں اور امیدیں بلند ہوئیں، گولڈ میڈل کے ساتھ قوم کے دل بھی جیتے، تاریخ بھی جیتی۔ ارشد ندیم اور یاسر سلطان جیسے ہیروز ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
نوجوانوں کے لیے سہولیات
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے ثابت کردیا کہ پاکستانی نوجوان کسی بھی چوٹی کو سر کر سکتے ہیں۔ حکومت پنجاب نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت دے رہی ہے تاکہ وہ دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کریں۔