جماعت اسلامی کا ایک لاکھ 25 ہزار تنخواہ تک ٹیکس چھوٹ دینے کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی کا بجٹ کے حوالے سے مطالبہ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں ایک لاکھ 25 ہزار روپے تک تنخواہ والوں کو ٹیکس سے چھوٹ دی جائے۔
پانی کی فراہمی اور کے فور منصوبہ
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ارسا نے کراچی کا پانی نہیں بڑھایا، کے فور منصوبہ مستقل تاخیر کا شکار ہے اور منصوبے کا تخمینہ 200 ارب تک پہنچ چکا ہے۔
غزہ کی صورتحال پر ردعمل
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں نے غزہ کی صورتحال پر احتجاج نہیں کیا۔ حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کہتے ہیں کہ غزہ مسئلے پر ان تمام ممالک کے افواج کے سربراہان کا اجلاس بلائیں جو فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
امریکا کا کردار
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی پر قرارداد کو ویٹو کر دیا ہے، امریکا امن کا داعی نہیں بلکہ انسانیت کا دشمن ہے، امریکا نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے امن کے بجائے جنگ کو فوقیت دی ہے۔
بجٹ پر تشویش
انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ پر خوف پیدا ہونا شروع ہو رہا ہے، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس کے بوجھ میں دبا دیا گیا ہے اور جاگیردار ملک کو لوٹ رہے ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ بجٹ میں ایک لاکھ 25 ہزار تنخواہ والے شخص کو ٹیکس سے چھوٹ دی جائے۔