ایران پر اسرائیل کا حملہ ناقابل قبول اور بلاجواز ہے، دفتر خارجہ

پاکستان کا ایران کے خلاف اسرائیلی حملے پر مذمتی بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) دفتر خارجہ نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف ایک مذمتی بیان جاری کیا۔
ایران پر حملہ ناقابل قبول
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق، ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر اسرائیل کا حملہ ناقابل قبول اور بلاجواز ہے، یہ اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔
بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے یو این چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے خلاف ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے، اور پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
خطے کے امن کا تحفظ
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسرائیل نے خطے کے امن اور استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان اسرائیلی اشتعال انگیزی کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے کردار ادا کریں۔ اسرائیل کو خطے میں جارحانہ اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔