فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی ملاقات پر بلاول بھٹو زرداری کا بیان بھی آ گیا

بلاول بھٹو زرداری کا بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیان بھی آ گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی یہ ملاقات جنگ بندی کی امریکی کوششوں کے تناظر میں پاک، امریکہ تعلقات میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔ حال ہی میں ہونے والی 5 روزہ جنگ میں پاکستان کی فیصلہ کن فتح کے بعد بھارت نے افسوسناک طور پر مستقل امن کی طرف تمام کوششوں کی مخالفت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عافیہ صدیقی کے ساتھ امریکی جیل میں نہایت ناروا سلوک، وکیل کلائیو اسمتھ کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں بیان
بھارت کے رویے پر تنقید
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان سے شکست کھانے کے بعد افسوسناک طور پر بھارت نے امریکہ کی سفارتی مداخلت کی بھی مخالفت کی ہے، پاکستان نہ تو تصادم چاہتا ہے اور نہ ہی بھارت سے مکالمے کے لیے بے چین ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ہمارے تنازعات کا کوئی عسکری حل نہیں ہے۔ بھارت کی آبی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر اور دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ایسے مؤقف ہیں جو زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکتے۔
امن کے لیے مؤقف
پاکستان اور بھارت کے تنازع کا مستقبل انکار یا ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ سچ پر مبنی سفارت کاری ہے۔