خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ پاس کر کے عمران خان کو ’مائنس‘ کردیا، علیمہ خان

علیمہ خان کا انکشاف
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) - پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے بغیر جلد بازی میں بجٹ پاس کرکے سابق وزیر اعظم کو پارٹی سے 'مائنس' کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر ہاؤس کراچی کے دروازے اب ہر کسی کے لیے کھلے ہیں، کوئی بھی شخص اپنا مسئلہ لے کر آ سکتا ہے
اڈیالہ جیل کے باہر بیان
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے جلد بازی میں اور ہدایات کے بغیر ہی بجٹ پاس کر کے بانی کو پارٹی سے مائنس کر دیا ہے، جبکہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کا بیان مسترد کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ خان صاحب نے کہا تھا بجٹ ان کی اپروول کے بغیر پاس نہیں ہوگا، اب ایسا ہوا تو کیا عمران خان مائنس ہوگئے؟ جس پر علیمہ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے ہوگیا۔
بیرسٹر گوہر کا جواب
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کا بیان یکسر جھٹلا دیا اور بجٹ کی منظوری بھی مسترد کردی۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو دنیا کی کوئی تاریخ مائنس نہیں کر سکتی، بڑے بڑے نہیں مائنس کر سکے، غلط فہمی پیدا کی جا رہی ہے کہ بجٹ پاس ہوا۔ یہ خان صاحب کی اسمبلی ہے اور خان صاحب کا ووٹ ہے، خان صاحب کا بجٹ وہ جیسے کہیں گے کوئی انتظار نہیں کرے گا۔
صوبائی اسمبلی سے ایک روز قبل منظور بجٹ کو غیر منظور شدہ قرار دے کر بیرسٹر گوہر نے ایک نئی ممکنہ آئینی بحث کی راہ بھی کھول دی۔