پنجاب کی کابینہ کمیٹی کا اجلاس، اشتعال انگیزی پر مبنی 271 اکاؤنٹ رپورٹ، 17 افراد گرفتار

اجلاس کا آغاز
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 31 واں اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: قائم مقام گورنر کی گورنر ہاؤس آمد، کامران ٹیسوری دفتر کی چابیاں بھی بیرون ملک ساتھ لے گئے
محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان کا جائزہ
اجلاس کے دوران محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے سائیبر پیٹرولنگ اینڈ کوئیک ایکشن سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سائیبر پیٹرولنگ سیل سے فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پر مبنی 271 اکاؤنٹ پی ٹی اے کو رپورٹ کیے گئے ہیں۔ اس طرح سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی میں ملوث 17 افراد کو اب تک گرفتار کیا جا چکا ہے۔ کابینہ کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران فزیکل کے ساتھ سائبر سپیس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب قرآن بورڈ کے عہدیداران کی نامزدگی کے لئے تجاویز پر غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی حملوں کے بعد اسرائیل کی فضا تبدیل، لوگوں میں نیا احساس جنم لینے لگا، دفاعی نظام پر اعتماد متزلزل ہوگیا، بی بی سی کا تہلکہ خیز انکشاف
وزیر صحت کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی
صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر امن و امان کی فضاء کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا سائیبر پٹرولنگ سیل 24/7 متحرک ہے اور فرقہ واریت میں ملوث افراد گرفتار کیے جا رہے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران پولیس کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ پولیس کیساتھ آرمی اور رینجرز کے جوان بھی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر سے رواداری اور اخوت کا پیغام پھیلانے کی اپیل کرتے ہیں۔ عرس حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے لیے بھرپور سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ میں صدر کے اوصاف نہیں: بھارت عالمی سطح پر ٹرمپ کی ثالثی کی کوششوں کو جھٹلانے لگا
قوانین کی پابندی اور سکیورٹی تحفظات
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 9 اور 10 محرم کو دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسی طرح صوبہ بھر میں اسلحے کی نمائش کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضاء کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹیوں، امن کمیٹیوں اور علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔ مون سون بارشوں کے سبب دریاؤں کے ارد گرد علاقوں میں خصوصی اضافی کشتیاں فراہم کی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی، بھاری جرمانہ ہوگا
پابندیاں اور نگرانی کی ہدایت
صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز فیلڈ میں متحرک ہیں۔ قواعد و ضوابط کے مطابق سبیلوں اور موبائل ٹائلٹ کے انتظامات کیے جائیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے انتظامیہ سے کہا کہ اپنے اضلاع میں فلیگ مارچ کریں اور تمام قواعد و ضوابط پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں۔
بجلی کی بلا تعطل فراہمی
انہوں نے ہدایت کی کہ جلوس و مجالس اور گردو نواح میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور متبادل ذرائع کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ پنجاب بھر سے کمشنرز، ڈی سیز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اضلاع کے بارے میں بریفنگ دی۔