ہم فوج کا احترام کرتے ہیں، پھر بھی ڈی چوک میں احتجاج ہمارا حق ہے: بیرسٹر سیف
خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات کا بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ڈی چوک پہنچیں گے، محسن نقوی کو چائے پلائیں گے۔ ڈی چوک پر ہم احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج ختم ہوگا۔ وزیر داخلہ غلط بات کر رہے ہیں، ہم اسلحہ کیوں لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع کرم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار شہید
پرامن احتجاج کی اہمیت
"جیو نیوز" کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارے مفاد میں ہے، اگر کچھ ہوگا تو یہ لوگ خود ذمہ دار ہوں گے۔ ہم فوج سے کیوں مقابلہ کریں گے، ہمارا ان سے جھگڑا نہیں، ان کا احترام کرتے ہیں۔ ہم ڈی چوک میں احتجاج کریں گے جو ہمارا حق ہے، فوج تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کے لیے نہیں آ رہی، ایس سی او کی سیکیورٹی کے لیے آ رہی ہے۔
جمہوریت میں احتجاج کا حق
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ جمہوریت میں احتجاج کا حق سب کو ہے۔ محسن نقوی غلط بات کر رہے ہیں، ہمیں ملک کی پرواہ ہے، آرٹیکل 17 اور 15 موجود ہے تو ہمیں احتجاج کی آزادی ہے۔