وزیراعلی خیبرپختونخوا تمام حدود پار کر رہے ہیں: وزیر داخلہ محسن نقوی
وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے پی ساری حدود عبور کررہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہی ہے لیکن ہم اسے ایسا کرنے نہیں دیں گے۔ اس سب کی ذمہ داری وزیراعلی کے پی پر عائد ہوتی ہے، انہیں سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ سمجھنے کےلیے تیار نہیں، وہ ساری حدود پار کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اعصام، اشنا اور مزمل کی شاندار کامیابیاں: خواجہ افتخار میموریل ٹینس چیمپئن شپ 2024 اختتام پذیر
پولیس اہلکاروں سے ملاقات
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے شرپسندی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، قانون کی عملداری کے لئے آپ نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی، آپ اسلام آباد پولیس کے بہادر سپوت ہیں اور ہمیں آپ پر ناز ہے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کا رویہ
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ساری حدود عبور کررہے ہیں۔ ان کے قافلے سے پولیس پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 80 سے 85 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔








