وزیرِ دفاع خواجہ آصف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، افغانستان سمیت اہم امور پر گفتگو، اعلامیہ جاری
وزیرِ دفاع کی اہم ملاقات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی دارالحکومت میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف سے امریکی ناظم الامور نے اہم ملاقات کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شبلی فراز سینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل
ملاقات کے اغراض و مقاصد
اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی وزیر اعظم کا حماس کے غزہ چیف محمد سنوار کی شہادت کا دعویٰ
تاریخی تعلقات کی اہمیت
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی احترام، استحکام اور مشترکہ مقاصد پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں، فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی اور بڑھتی گرمجوشی کو سراہا گیا، امریکی ناظم الامور نے بین الاقوامی برادری میں ذمے دار اور مستقبل کے شراکت دار کے طور پر پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
افغانستان کی صورتِ حال پر گفتگو
’’جنگ‘‘ کے مطابق ملاقات کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں افغانستان کی صورتِ حال پر بھی بات چیت ہوئی، فریقین نے ایک پرامن، مستحکم اور محفوظ افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے افغان سرزمین سے پیدا چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹا جانا چاہیے۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں مزید مستحکم اور متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔








