سینیٹ نے گرفتار ، نظربند اور زیرحراست افراد سے تفتیش سے متعلق بل منظور کرلیا
سینیٹ کی متفقہ منظوری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ نے گرفتار ، نظربند اور زیرحراست افراد سے تفتیش سے متعلق بل اور فیٹل ایکسیڈنٹس (ترمیمی) بل 2024 سمیت تین بلوں کی متفقہ منظوری دے دی۔ متعدد پرائیویٹ بل قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 سال سے کوئی ہٹ فلم نہ دینے والی اداکارہ، ایک پراجیکٹ کا معاوضہ 41 کروڑ، مجموعی دولت 650 کروڑ سے زائد
اجلاس کی صدارت
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہوا۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے گرفتار ، نظربند اور زیرحراست افراد سے تفتیش سے متعلق ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ فاروق نائیک نے بتایا کہ بل کی رو سے گرفتار شخص کو گرفتاری کی تحریری وجوہات بتائی جائیں گی۔ اس کو وکلا کی مدد حاصل ہوگی، اس کو فیملی سے ملاقات کی اجازت اور دوائیاں مل سکیں گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس افسران کو جرمانہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی لیڈر یا جماعت پاکستان سے بڑی نہیں، سب کیساتھ فراخ دلی کا مظاہرہ کیا: عطا تارڑ
فیٹل ایکسیڈنٹس بل کی منظوری
سما ٹی وی کے مطابق سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے پیش کیا گیا فیٹل ایکسیڈنٹس (ترمیمی) بل بھی متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ حادثات سے متعلق کیسز کا فیصلہ 6 ماہ میں کیا جائے گا۔ سینیٹر شہادت اعوان کا پیش کردہ لمیٹڈ لائیبلیٹی پارٹنرشپ (ترمیمی) بل بھی سینیٹ نے منظور کرلیا۔
دیگر بلوں کی صورتحال
پاکستان سائیکالوجیکل کونسل بل، انسداد الیکٹرانک کرائمز ترمیمی بل، الیکٹرانک نیکوٹین ڈلیوری سسٹمز ریگولیشن بل، یونیورسٹیوں میں مستحق افراد کیلئے خصوصی نشستیں مختص کرنے سمیت متعدد بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے۔ پاکستان اینیمل سائنس کونسل بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو بھجوانے کی تحریک منظور کی گئی۔ طلحہ محمود کی بیروزگاری پر قابو پانے کی قرارداد متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردی گئی۔








