جدہ میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس تقریب کا انعقاد کیا گیا
کرسمس کی خوشیاں
جدہ (محمد اکرم اسد) پوری دنیا کی طرح یہاں بھی موجود اورسیز پاکستانیز کرسچن کمیونٹی نے پورے مذہبی جوش و خروش سے کرسمس منایا۔ اس موقع پر خواتین و بچوں نے زرق برق لباس پہن کر شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں کرسچن ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی مسیحی مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی گارڈ کی باصلاحیت بیٹی شہر بانو انٹرنیشنل کرکٹر بن گئی
مقررین کے خیالات
تقریب سے کرسچن کمیونٹی کے صدر جان گلزار، نائب صدر پاسٹر پیٹرک فلک شیر سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار بھی کیا۔ مقررین نے پاکستان میں سرکاری سطح پر کرسمس منائے جانے کو بین المذاہب ہم آہنگی کی مثبت مثال قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
تقریب کی رونق

مہمانِ خصوصی قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے اپنے خطاب میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ قونصلیٹِ پاکستان جدہ، مسیحی کمیونٹی سمیت تمام پاکستانیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
شرکت کنندگان اور خوشی کا اظہار
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، سماجی کارکنان، صحافی برادری اور قونصلیٹ کے افسران نے بھی شرکت کی۔ تمام مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کر کے کرسچن کمیونٹی کے بچوں نے والہانہ ویلکم کیا۔ اختتام پر کرسمس کا کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا گیا اور سانتا نے بچوں میں تحائف پیش کیے۔ ہر سال کرسچن کمیونٹی قونصلیٹ پاکستان میں کرسمس بھر پور طریقے سے مناتی ہے۔








