پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے نئی تاریخ رقم کی
شہروز کاشف کی شاندار کامیابی
سکردو (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے نئی تاریخ رقم کردی، وہ 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بن گئے ہیں۔
شیشاپنگما پر فتح
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق 'براڈ بوائے' کے نام سے مشہور کاشف شہروز آج صبح شیشاپنگما کی چوٹی پر پہنچ گئے۔ کاشف شہروز سرباز خان کے بعد دوسرے پاکستانی ہیں جنہوں نے تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کی ہیں، سرباز نے گزشتہ ہفتے شیشاپنگما سر کرکے یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی ماونٹینئر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
سفر کی شروعات
شہروز کاشف کا ایٹ تھاو¿زنڈر سر کرنے کا سفر 2019 میں شروع ہوا، جب انہوں نے صرف 17 سال کی عمر میں 8047 میٹر بلند براڈ پیک کو سر کیا، یہ ایک شاندار شروعات تھی جو انہیں بین الاقوامی سطح پر مشہور کرگئی۔
اہم کامیابیاں
سال 2021 میں شہروز نے ماونٹ ایورسٹ، مناسلو اور کے ٹو کی چوٹیوں کو سرکیا جبکہ 2022 میں شہروز کاشف نے کین چنجونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشر برم ون اور گیشر برم ٹو کی چوٹیوں پر پہنچ کر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
چیلنجز اور ناکامیاں
شہروز کاشف کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور گزشتہ سال انہوں نے اناپورنا، داولاگیری اور چو ایو کی چوٹیوں کو سر کیا تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہروز کاشف گزشتہ برس ایک حادثے کے باعث شیشاپنگما کو سر کرنے سے محروم رہ گئے تھے۔ اگر وہ اس وقت شیشاپنگما کو سر کرنے میں کامیاب ہو جاتے تو وہ دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن جاتے جنہوں نے تمام 14 ایٹ تھاو¿زنڈر سر کیں۔
کامیابی کا احساس
شہروز کاشف نے اپنی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ حاصل کرنا ان کیلئے آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ یہ انتہائی مشکل ہوگا اور میری جان جانے کا خطرہ حقیقی تھا لیکن میں ہدف پر توجہ مرکوز رکھتا رہا۔ اب جبکہ میں یہاں کھڑا ہوں، مجھے احساس ہوا کہ یہ کامیابی صرف پہاڑوں کو سر کرنے کی نہیں بلکہ یہ خوف، شک اور حدود پر قابو پانے کے بارے میں ہے، میرے لئے یہ کسی معجزے سے کم نہیں۔