ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت نے پاکستان کی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے: صدر مملکت
صدرِ پاکستان کا پیغام
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 98 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر ہم ایک ایسے بلند پایہ سیاستدان کو خراجِ عقیدت پیش کررہے ہیں جن کی زندگی اور قیادت نے پاکستان کی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا مسجد پر اپنی تصویر لگانے کا سخت نوٹس،ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین سے وضاحت طلب
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی وراثت
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہماری قومی سیاسی تاریخ میں ایک عہد ساز شخصیت بن کر ابھرے اور آج بھی ایک دائمی مسحور کن اور متاثر کن شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد انصاف، مساوات اور تمام شہریوں کو بااختیار بنانے کے وژن کے ساتھ رکھی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 1973 میں متفقہ طور پر منظور ہونے والا پہلا آئین بنایا جو ملک کی پارلیمانی جمہوریت اور وفاقی نظام کی بنیاد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی وفد کی فرانسیسی مندوب سے ملاقات، بھارتی جارحیت کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال سے آگاہ کیا
محروم طبقات کے حقوق کی جدوجہد
شہید ذوالفقار علی بھٹو نے محروم طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد کی اور بے آوازوں کو آواز دی۔ انہوں نے زرعی اصلاحات، مزدوروں کے تحفظ اور تعلیم و عوامی خدمات کے فروغ کے ذریعے کسانوں، محنت کشوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کے لئے مواقع اور باوقار زندگی کو وسعت دینے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: 24 نومبر کو غلامی سے نجات کےلیے نکلنا ہے، علیمہ خان کا بیان
پاکستان کا ایٹمی پروگرام
صدر مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے کلیدی معمار بھی تھے، جس نے ہماری خودمختار دفاعی صلاحیت اور دائمی قومی سلامتی کی بنیاد رکھی۔ ان کی مدبرانہ قیادت نے پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کو مضبوط کیا اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو ایک نئی منزل تک پہنچایا۔ انہوں نے 1974 کی تاریخی اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی بھی کی جس سے عالمِ اسلام میں تعاون اور یکجہتی کو بے پناہ تقویت ملی۔
یہ بھی پڑھیں: سوریا کمار یادیو کی عثمان طارق کے انداز میں بالنگ کرانے کی ویڈیو وائرل
عزم اور مستقبل کا وژن
آج کے دن ہم نہ صرف ان کی عظیم خدمات کو یاد کررہے ہیں بلکہ مشکلات کے مقابلے میں ان کے عزم، حوصلے اور جمہوری اقدار سے غیر متزلزل وابستگی کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
آخری دعا اور عزم
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو 98 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آئیے ہم ان کے انصاف پر مبنی، جمہوری اور روشن مستقبل کے حوالے سے پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ دعا ہے کہ ان کی سیاسی اور علمی میراث ہمیں امن، خوشحالی اور قومی اتحاد کےلئے کی جانے والے اجتماعی کوششوں میں مسلسل رہنمائی فراہم کرتی رہے۔








