لاہور، اچھرہ جیولری اسکینڈل، پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج، اختیارات کے ناجائز استعمال کی دفعات شامل
اہم خبر: جیولری اسکینڈل میں گرفتاری
لاہور (آئی این پی) اچھرہ میں جیولری اسکینڈل کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے معاملے پر ملزم سے متعلق معلومات لیک کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اچھرہ پولیس نے جن اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، ان میں 2 تھانیداروں سمیت چار اہلکار شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ: عمر ایوب، فیصل امین کی 19 دسمبر تک حفاظتی ضمانت منظور
معلومات لیک کرنے کا معاملہ
مقدمے میں اختیارات کے ناجائز استعمال کی دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ چاروں اہلکاروں نے شیخ وسیم اختر کی گرفتاری سے متعلق معلومات لیک کی تھیں۔ متن کے مطابق، ہائی پروفائل کیس سے متعلق معلومات کے لیک ہونے سے تفتیش کو نقصان پہنچا۔ یہ چاروں اہلکار ہائی پروفائل کیس کی تفتیش پر مامور تھے۔ اچھرہ جیولری اسکینڈل کے مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان میں اخلاق، عمرحیات، محسن رضا اور جاوید شامل ہیں۔
مرکزی ملزم کی گرفتاری
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے اچھرہ جیولری مارکیٹ میں کروڑوں روپے مالیت کا 20 کلو سونا غبن کرنے کے مقدمے میں ملوث مرکزی ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کے مؤثر استعمال سے عمل میں لائی گئی تھی۔








