پنجاب حکومت نے علی مصطفیٰ ڈار کو وزیر اعلیٰ مریم نواز کا مشیر برائے مصنوعی ذہانت مقرر کردیا
پنجاب حکومت کا اہم اقدام
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومتِ پنجاب نے ٹیکنالوجی کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے علی مصطفیٰ ڈار کو وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر مقرر کر دیا ہے۔ حکومتِ پنجاب کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (کابینہ ونگ) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے علی مصطفیٰ ڈار کو وزیرِ اعلیٰ کا مشیر برائے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) اور خصوصی اقدامات مقرر کر دیا ہے۔ علی مصطفیٰ ڈار کو یہ ذمہ داری اعزازی (Pro Bono) بنیادوں پر فوری طور پر سونپی گئی ہے۔
علی مصطفیٰ ڈار کا تعلیمی پس منظر
علی ڈار کا سائنسی و تکنیکی شعبے میں مضبوط تعلیمی پس منظر ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف مانچسٹر انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (UMIST) سے سافٹ ویئر انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور یونیورسٹی کالج لندن (UCL) میں بھی تعلیم حاصل کی۔ ابتدائی تعلیم انہوں نے ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی، جس کے بعد سن 2000 میں برطانیہ منتقل ہو گئے۔








