مودی کے لیے ’’ٹف ٹائم‘‘۔۔۔ امریکہ سے تجارتی معاہدے کے خلاف بھارتی کسانوں نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا، کل ہڑتال ہوگی
بھارتی کسانوں کی احتجاجی تحریک
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) مودی کیلیے ’’ٹف ٹائم‘‘۔ امریکہ سے تجارتی معاہدے کیخلاف بھارتی کسانوں نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا، کل پورے بھارت میں ہڑتال ہو گی۔
تجارتی معاہدے کے خلاف کسانوں کی آواز
’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق بھارت، امریکہ تجارتی معاہدے کے خلاف بھارتی کسانوں نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کسان یونین نے کل 12 فروری کو ملک بھر میں ہڑتال کی کال دے دی ہے۔
کسانوں کی خدشات
کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ زراعت کے شعبے میں بھارت نے امریکہ کو حد سے زیادہ رعایتیں دی ہیں جو کسانوں کے مفادات کے خلاف ہیں۔ آج بھارتی پنجاب میں کسانوں نے بھارت، امریکہ تجارتی معاہدے کے خلاف احتجاج بھی کیا اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کے پتلے نذر آتش کیے۔
کسان تنظیموں کا مؤقف
کسان تنظیموں نے معاہدے کو مودی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امریکہ کے سامنے جھکنے کے مترادف ہے، اس سے بھارتی زرعی شعبے پر مزید دباؤ بڑھے گا۔
بھارتی وزیر تجارت کا بیان
بھارت کے وزیر تجارت پیوش گوئل کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت بعض بھارتی زرعی مصنوعات، جن میں کیلے اور آم شامل ہیں، کو امریکی منڈی تک بغیر کسی محصول (زیرو ٹیرف) کے رسائی حاصل ہوگی۔
چھوٹے کسانوں کی مشکلات
رپورٹ کے مطابق بھارت میں تقریباً 80 فیصد کسان چھوٹے کاشت کار ہیں جو دو ہیکٹر یا اس سے کم زمین کے مالک ہیں، جس کی وجہ سے ان کی آمدنی محدود رہتی ہے۔ تاہم کسان ایک بااثر ووٹنگ بلاک کی حیثیت رکھتے ہیں اور مختلف حکومتیں لاکھوں کاشتکاروں کو ناراض کرنے سے گریز کرتی رہی ہیں۔








