محکمہ موسمیات کا ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ آج رات بلوچستان، زیریں خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مابق منگل کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہر قائد میں اگلے 3 روز درجۂ حرارت کتنا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
خیبرپختونخوا کا موسم
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ تاہم وزیرستان، پارہ چنار، کرک، ڈی آئی خان اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم جنوبی/وسطی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، ساہیوال اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں سے زیادتی، شبیر تنولی نے کمرہ عدالت میں بھی اعترافی بیان ریکارڈ کرا دیا
بلوچستان میں موسم کی حالت
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چمن، کوئٹہ، پشین، مسلم باغ، ژوب، زیارت، بارکھان، سبی، قلات، کیچ، پنجگور، واشک، خاران، لسبیلہ، خضدار اور گوادر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہر سوموار فیصل آباد سے اڈیالہ جانے والا عمران خان کا انوکھا نوجوان فین ’’عامر رحمانی‘‘ سامنے آ گیا
سندھ اور دیگر علاقوں کی صورت حال
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ تاہم دادو، جامشور، لاڑکانہ، جیکب آباد، کراچی، حیدرآباد اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان کا موسم
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 07، استور منفی 04، اسکردو منفی 03، بگروٹ منفی 02 اور گوپس میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔








