شہباز شریف اور مریم نواز کے ساتھ چلنے کا ارادہ، بانی جیل نہیں کاٹ سکتے تو کوئی آسان کام کر لیں: آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری کا خطاب
وہاڑی (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے ایک سوچ پر حکومت بنائی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز کے ساتھ چلنے کا ارادہ ہے، عمران خان کے دور میں حکومت فیض حمید نے کی، کے پی حکومت مار کٹائی پر اتری ہوئی ہے۔
حکومتی اتحاد کی مضبوطی
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وہاڑی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے ایک سوچ پر حکومت بنائی، ہم نے مریم بی بی، شہباز شریف کو بھی ووٹ دیا، ہمارا شہباز شریف اور مریم بی بی کے ساتھ چلنے کا ارادہ ہے، ہم نے صدر کی سیٹ کے لیے بھی ووٹ مانگا۔
فیض حمید کی حکومت کی حقیقت
4 سال بانی کی نہیں، فیض حمید کی حکومت تھی
صدر زرداری نے کہا کہ 4 سال بانی کی نہیں فیض حمید کی حکومت تھی، فیض حمید کو کیا پتہ کہ کیسے حکومت کرنی اور ریلیف دینا ہے، مجھے پتہ تھا بلوچستان کے عوام کن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، بلوچوں کو خود ڈیمانڈ دیں کہ یہ مانگو۔
ملکی حالات کا جائزہ
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کوشش کر رہے ہیں، حالات پہلے سے بہتر ہیں، کے پی حکومت مارکٹائی پر اتری ہوئی ہے، انہوں نے ملک بنانا نہیں، خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں کوئی کام نہیں کیا، یہ ملک 4 سال رکا رہا، کوئی کام نہیں ہوا، اس شخص کو روز بھاشن دینے کی عادت تھی۔
سیاست میں مشکلات برداشت کرنا
سیاست کرنی ہے تو تکالیف برداشت کرنا ہوں گی
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ٹی وی پر اس کی تقریر آتی تھی، اس شخص کو جیل میں صرف ڈیڑھ سال ہوئے، اس کا بیٹا کہہ رہا ہے کال پر بات نہیں کرائی جاتی، میں نے 14 سال جیل کاٹی، جب جیل سے باہر آیا تو میرے بچے قد میں مجھ سے بڑے ہو چکے تھے۔
زندگی کی حقیقت
صدر مملکت نے کہا کہ یہ تکالیف تو آپ کو برداشت کرنا ہوں گی، یہ زندگی کا حصہ ہے، اگر جیل نہیں کاٹ سکتے تو کوئی آسان کام کر لیں، اگر جیل نہیں کاٹ سکتے تو کوئی آسان کام کر لیں، ہر جگہ کرکٹ کلب بناتے کوئی ایک شعبہ اپنا لیتے، اگر سیاست کرنی ہے تو پھر اس میں ہر شعبہ آتا ہے۔
زرعی مسائل اور حل
انہوں نے کہا کہ زراعت ہی مسائل کا حل ہے، میں خود 7 پشتوں سے زمیندار ہوں، اپنے دور میں گندم کی قیمتوں پر لیول پلیئنگ فیلڈ بنائی، پورے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ ایکڑ زرعی زمین آباد کی۔
پانی کے مسائل
پنجاب کو 30 سال سے کہہ رہا ہوں اپنا پانی راوی سے نکالیں
آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھو دریا ہزاروں سال سے بہہ رہا ہے، پنجاب کو 30 سال سے کہہ رہا ہوں اپنا پانی راوی سے نکالیں، ہمیں پانی کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہوگا، ہم نے ایک ملین ہیکٹر سے زیادہ مینگروز لگائے۔
عورتوں کے حقوق
خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دے رہے ہیں
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سدا بادشاہی اللہ کی ہے، انسان نے ختم ہو جانا ہے، بینظیر انکم سپورٹ کارڈ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بنایا، سندھ میں زمین خواتین کے لیے تقسیم کی، اب گھروں کے مالکانہ حقوق بھی خواتین کو دے رہے ہیں۔
کسانوں کی حمایت
صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ میں اپنے کسانوں کے ساتھ ہوں، ہاری کے پاس چارپیسے کم ہوں تو تکلیف ہوتی ہے، میں کبھی ہاری سے ادھار واپس نہیں لیتا، ہم دنیا میں کاربن کریڈٹس فروخت کر رہے ہیں، کاربن کریڈٹس کا پروجیکٹ 10 سال سے جاری ہے۔
کراچی کے مسائل
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ آلودگی، پانی اور خراب راستے ہیں، سندھو پر 9 پل بنوا چکا ہوں، ہم نے سندھ میں ڈاکو راج ختم کیا ہے، پنجاب تک سندھ پولیس ڈاکوؤں سے لڑ چکی ہے۔








