عدالتوں سے حکم آیا تو عمران خان کو ہسپتال منتقل کردیں گے، رانا ثنا اللہ
رانا ثنا اللہ کا بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)— وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عدالتوں سے حکم آیا تو عمران خان کو ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔ جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو دل کا عارضہ لاحق تھا، ڈاکٹرز نے معائنہ کیا، عدالت نے اجازت دی، ہم نے شرائط پوری کیں اور نواز شریف بیرون ملک گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کے پاس سیاسی طعنہ بازی، جھوٹ اور شعبدہ بازیوں کا وقت نہیں: عظمیٰ بخاری
عدالت کے حکم پر عملدرآمد
انہوں نے کہا کہ اگر عدالتوں سے حکم آتا ہے تو بانی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات بند کی تو افواہ پھیلائی گئی کہ بانی کو کوئی مسئلہ ہوا ہے، ہم نے بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہن کی ملاقات کرائی، خاندان یا پارٹی کا اطمینان علیحدہ چیزیں ہیں، قانون اس کو نہیں جانتا۔
ڈاکٹروں کی رپورٹ
انہوں نے مزید کہا کہ 5 ڈاکٹروں کے پینل نے دو دفعہ بانی کا معائنہ کیا، ریکارڈ موجود ہے۔ یہ لوگ مطمئن نہیں ہیں تو سپریم کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے۔ یہ کوشش میں ہیں کہ کوئی ایشو بنایا جائے اور اس کو استعمال کریں۔ اگر ڈاکٹر بانی سے ملاقات کرکے کوئی الٹی سیدھی گفتگو کریں تو کون ذمہ دار ہوگا؟








