مشرقِ وسطی کشیدگی، پاکستان میں پیٹرول مہنگا ہونے کا امکان
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد (آئی این پی) مشرقِ وسطی میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حزب اختلاف حالات کو اس نہج پر لے گئی جہاں سے واپسی شاید ناممکن ہے ، ایاز صادق
برینٹ خام تیل کی قیمت میں اضافہ
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ہی دن میں 5.79 فیصد اضافے کے بعد 77.09 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جبکہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمت 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
ماہرین کی پیشگوئی
ماہرین کے مطابق اگر بحران طویل ہوا اور آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل متاثر رہی تو خام تیل 100 ڈالر فی بیرل تک بھی جا سکتا ہے۔ توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اس اضافے کے نتیجے میں پاکستان میں آئندہ 15 روزہ نظرثانی کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے، جبکہ ڈیزل 20 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہو سکتا ہے۔
اگر خام تیل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل کو کراس کرتی ہے تو قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔








