وزیر اعظم کی ہولی پر ہندو برادری کو مبارکباد، یہ تہوار معاشرتی ہم آہنگی کا عکاس ہے :شہباز شریف
وزیر اعظم کی ہولی پر مبارکباد
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہندوئوں کے مذہبی تہوار ’’ہولی‘‘ کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار پاکستان کے ثقافتی تنوع کا مظہر اور معاشرتی ہم آہنگی کا عکاس ہے۔ ہندو برادری ہمارے معاشرے کا بیش قدر حصہ ہے جس کا سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی و خوشحالی اور پُرامن بقائے باہمی میں مثبت کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہولی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیٹ جی پی ٹی نے بیوی کے سامنے شوہر کے معاشقے کی پول کھول دی
ہولی کے تہوار کی اہمیت
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج ہندوؤں کے مذہبی تہوار ہولی کے موقع پر وہ پاکستان کی ہندو کمیونٹی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ ہولی کا تہوار خوش نما رنگوں کے امتزاج سے معاشرتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے، اس کی روایات پاکستان کی ثقافتی تنوع کی مظہر ہیں۔ ہندو کمیونٹی ہمارے معاشرے کا بیش قدر حصہ ہے جس کا ملکی سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی و خوشحالی اور پُرامن بقائے باہمی میں مثبت کردار ہے۔
بین المذاہب مکالمے کی ضرورت
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بین المذاہب مکالمے، عبادت گاہوں کی حفاظت اور باہمی احترام کی سماجی روش کے فروغ کے لیے من حیث القوم کام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دعوت دی کہ آئیے آج اس قومی عزم کی تجدید کریں کہ ہم رواداری، ہمدردی اور یکجہتی کی اقدار کے ساتھ پر امن، مشترک اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کاوشیں جاری رکھیں گے۔








