محکمہ توانائی پنجاب نے توانائی کی بچت کے لیے سفارشات حکومت کو پیش کردیں، ورک فرام ہوم اور آن لائن کلاسز کی تجاویز
محکمہ توانائی پنجاب کی تجاویز
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ توانائی پنجاب نے توانائی کی بچت کے لیے تجاویز حکومت کو پیش کردیں۔ ان تجاویز میں سرکاری اجلاسوں کو آن لائن کرنے اور ورک فرام ہوم کے ساتھ ساتھ جامعات اور کالجز میں آن لائن کلاسز لینے کی بھی سفارشات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ماموند عمر خیل قبائل کے دو گروپوں میں 31سال بعد صلح ہوگئی
ہائبرڈ نظام کی سفارش
روزنامہ جنگ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکولز اور اکیڈمیز میں ہائبرڈ نظام متعارف کروانے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بڑھانے اور اورنج لائن، میٹرو بس سروس کے اوقات بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اسٹریٹ لائٹس اور سجاوٹی لائٹس کی تجاویز
صوبے بھر میں رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر چلانے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہائی انٹینسٹی ایل ای ڈیز، بل بورڈز اور نیون سائنز بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مزید برآں، عمارتوں کی سجاوٹی لائٹس بند کرکے توانائی کی بچت کی سفارش کی گئی ہے۔








