لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا؛ میاں بیوی سمیت 4 ملزم گرفتار
گوالمنڈی پولیس کی بڑی کاروائی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) گوالمنڈی پولیس نے کارروائی کرتے منشیات فروشوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔ 80 لاکھ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کر کے میاں بیوی سمیت چار ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔
ملزمان کی تفصیلات
ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ گوالمنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران ملزمان کو منشیات کی ترسیل کرتے گرفتار کیا۔ ملزمان ذاکر اور جان محمد پشاور سے منشیات لا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ ملزم آصف اپنی بیوی رابعہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ہیروئن کی ترسیل مختلف اضلاع میں کرتا تھا۔ ملزم پولیس کی تلاشی سے بچنے کے لیے اپنی بیوی کو ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار رکھتا تھا۔ ملزمان کی دوران گرفتاری پولیس پارٹی کے ساتھ مزاحمت کے باوجود فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
پولیس کی کارروائی
ایس ایچ او گوالمنڈی یونس بھٹی اور انچارج چوکی میو ہسپتال نے ٹیم کے ہمراہ منشیات فروشوں کو بے نقاب کیا۔ گوالمنڈی پولیس کی بروقت کارروائی نے لاہور کی نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچا لیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مکروہ دھندے میں ملوث نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ انسداد منشیات فروشی کے خلاف بڑی کارروائی پر گوالمنڈی پولیس کی ٹیم کو شاباش دی گئی۔ حکومت پنجاب کے احکامات پر منشیات سے پاک شہر کے لیے پر عزم ہیں۔







