ٹنڈو الہ یار : غیرقانونی آئل ریفائنری، تیل چوری پکڑی گئی
چوری اور غیرقانونی ریفائنری کا انکشاف
ٹنڈوالہ یار(ڈیلی پاکستان آن لائن) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے قومی وسائل کے خلاف ایک بڑے منظم جرم کو بے نقاب کرتے ہوئے سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار میں خام تیل کی وسیع پیمانے پر چوری اور ایک غیرقانونی ریفائنری کا سراغ لگا لیا۔
یہ بھی پڑھیں: سائفر کا معاملہ اور عمران خان کابینہ کا کردار، مراد سعید نے آنکھوں دیکھا حال بیان کردیا
چوری کے طریقے
روزنامہ دنیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ چوری او جی ڈی سی کی کنر پاساکھی ڈیپ (کے پی ڈی)-ٹی اے وائے آئل فیلڈ کی پائپ لائن سے غیرقانونی کنکشن کے ذریعے کی جا رہی تھی۔ چوری شدہ خام تیل کو ایک غیرقانونی ریفائنری میں منتقل کر کے پروسیس کیا جاتا اور بعد ازاں مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔
چھاپہ مار کارروائی
نیو حیدرآباد سٹی کے علاقے سیری میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران پولیس کی آٹھ، او جی ڈی سی کی پانچ گاڑیوں اور ایک انٹیلی جنس ادارے نے حصہ لیا۔ کارروائی میں ریفائننگ کا سامان اور بڑی مقدار میں چوری شدہ خام تیل برآمد ہوا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ ٹنڈو جام پولیس نے گینگ کے سرغنہ وزیر دؤدانی سمیت متعدد ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔








