کشمیری رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں سزائیں دی جا رہی ہیں: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر امیر مقام
بھارتی عدالتوں کا دوہرہ معیار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ بھارتی عدالتیں کشمیریوں کے خلاف مذموم مقاصد کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھاڑ میں جاؤ: سیلفی نہ لینے پر مداح بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا پر برہم ہو گیا
کشمیری رہنماؤں کی سزا
کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ کشمیری رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں سزائیں دی جا رہی ہیں، بھارتی درندگی کے باوجود کشمیریوں کا جذبۂ آزادی کم نہیں ہوا۔ بھارتی عدالتوں نے آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 30، 30 سال کی سزا سنائی گئی۔ حکومت پاکستان کی طرف سے اس فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ایسے فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی عدالتیں آزاد نہیں ہیں۔
آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتے
’’جنگ‘‘ کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ آسیہ اندرابی کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں، صرف انہوں نے آزادی اور حق کی بات کی ہے۔ بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ بھارت کئی دہائیوں سے ظلم و بربریت کر رہا ہے، یہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ کشمیریوں کی آواز کو دبائیں گے۔ ان خواتین کو کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے کی پاداش میں یہ سزا سنائی گئی۔ بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان سزاؤں کے ذریعے وہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو ختم نہیں کرسکتا۔








