ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری
ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے علیٰحدگی کا بیان دیا ہے، وہی پارٹی کا فیصلہ ہے، یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد اور قریبی علاقوں کی صورتحال
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے۔ میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خوشاب میں بھی بارش متوقع ہے۔ گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، پاکپتن، اوکاڑہ اور قصور میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ساہیوال، ڈی جی خان، راجن پور، کوٹ ادو اور بہاولپور میں بارش متوقع ہے جبکہ بہاولنگر، رحیم یارخان، بھکر، لیہ، ملتان اور مظفرگڑھ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اماراتی صدر پاکستان پہنچ گئے، طیارہ نورخان ایئربیس پر لینڈ کرگیا
سندھ میں موسمی تبدیلی
مغربی ہواؤں کا سسٹم سندھ میں داخل ہوگیا ہے۔ کراچی میں گڈاپ اور سپرہائی وے پر تیز بارش متوقع ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ نہیں، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر میں موسلادھار بارش ہوگی، سندھ میں سیلابی صورتحال کا امکان نہیں۔
خیبر پختونخوا میں بارش کا اثر
پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے موسم سرد ہوگیا۔ شدید بارش کے باعث پیسکو کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کردی، بارشوں کا سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔








