تحریک تحفظ آئین پاکستان کا 25 اپریل کو ملک گیر جلسوں کا اعلان
تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 25 اپریل کو ملک گیر جلسوں کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی سفارتخانے کے وفد کا اڈیالہ جیل کا دورہ، قیدی امریکی نژاد ظاہر ذاکر تک قونصلر رسائی دی گئی
اجلاس کی تفصیلات
اعلامیے کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ کشیدگی اور بلوچستان پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایران اور امریکا جنگ بندی کا خیر مقدم کیا گیا، خطے میں امن کی امید ظاہر کی گئی۔ اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے لبنان، شام اور غزہ کے مسائل کا حل ناگزیر قرار پایا، پاکستان اور افغانستان مذاکرات خوش آئند قرار دیے گئے؛ جنگ نہیں مکالمہ ہی حل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
شرکاء کے مطالبات
شرکا نے حکومت سے سیاسی مکالمہ، قانون کی حکمرانی اور مفاہمت کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا، بلوچستان میں آپریشن بند کرنے اور بلوچ یکجہتی کمیٹی رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اختر مینگل کے خلاف مقدمات ختم کرنے اور وسائل کے منصفانہ استعمال پر زور دیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ عدالتوں سے بانی پی ٹی آئی کے کیسز پر روزانہ سماعت کی اپیل کی گئی ہے اور سیاسی قیدیوں بشمول بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
مزدوروں کے ساتھ یکجہتی
اجلاس نے یکم مئی پر ملک بھر میں مزدوروں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں کا اعلان بھی کیا۔ پنجاب و سندھ میں تنظیمی کمیٹیاں قائم کی گئیں، پنجاب میں ڈاکٹر عمار علی جان اور سندھ میں سید زین شاہ کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ مورو کیس کے گرفتار کارکنان کی رہائی اور سندھ میں دفعہ 144 ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ آئین کی بالادستی، جمہوریت اور عوامی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔








