پی پی ایچ آئی بلوچستان کے زیرِ اہتمام مختلف آسامیوں کے لیے تحریری امتحان، فوری نتیجہ، فوری انٹرویو کرکے بہترین مثال قائم کردی گئی۔
تحریری امتحان کا انعقاد
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی پی ایچ آئی بلوچستان، ضلع لسبیلہ اور حب کے زیرِ اہتمام مختلف آسامیوں کے لیے تحریری امتحان 8 اپریل 2026 کو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ اس امتحان میں لیڈی میڈیکل آفیسر، میڈیکل آفیسر، سوشل آرگنائزر، فی میل میڈیکل ٹیکنیشن، میڈیکل ٹیکنیشن، لیڈی ہیلتھ وزیٹر، ویکسینیٹر، آیا/دائی، ڈرائیور، کلینر اور ڈسپنسر کی اسامیوں کے امیدواروں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج نے جس طرح مادر وطن کا دفاع کیا وہ قابل فخر ہے: سی ای او لیسکو
امتحانی عمل کی نگرانی
امتحانی عمل کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محتسب لسبیلہ/حب/آواران ساجد بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر وندر سیف علی مغل نے کی۔ امتحان کو مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کیا گیا، جہاں سوالیہ پرچے پر مشتمل سیل بند لفافہ ڈی ایس ایم ڈاکٹر ملک منصور کی جانب سے فراہم کیا گیا، جسے امتحانی پینل کے سامنے کھولا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چمن: گھر میں گیس سلنڈر کا دھماکہ، بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق، 25 زخمی
امتحان کے مراحل
تمام امیدواروں کو بروقت سوالیہ پرچہ فراہم کیا گیا جبکہ 50 کثیر الانتخابی سوالات پر مشتمل امتحان کے لیے 50 منٹ کا وقت دیا گیا۔ مقررہ وقت مکمل ہونے پر تمام جوابی پرچے واپس لے لیے گئے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ تحریری امتحان کے فوری بعد ہی نتائج نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دیے گئے اور کامیاب امیدواروں کو اسی روز انٹرویو کے لیے طلب کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے متنازع ٹویٹ کیس میں ایمان مزاری کے خلاف ٹرائل روکنے کا حکم دے دیا
نتائج کا بروقت اعلان
امیدواروں کی بڑی تعداد کے باوجود نتائج کا اعلان اسی دن کر دیا گیا، جسے ایک غیر معمولی اور شفاف اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سارے عمل میں ڈاکٹر ملک منصور اور ان کی ٹیم کی محنت اور لگن نمایاں رہی، جنہوں نے جانچ پڑتال کے عمل کو نہایت شفاف بنایا، جس پر تمام امیدواروں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
پی پی ایچ آئی بلوچستان کی ٹیم کی تعریف
امتحانی پینل نے پی پی ایچ آئی بلوچستان ضلع لسبیلہ اور حب کی ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور دیانت داری کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کو قابلِ تقلید قرار دیا۔








