لندن کی ایک ڈیری سے 10 کروڑ روپے مالیت کا پنیر چرالیا گیا
لندن کی ڈیری سے پنیر کی چوری
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) لندن کی ایک ڈیری سے 10 کروڑ روپے مالیت کا پنیر چرالیا گیا ہے۔ سیلیبرٹی شیف جیمی اولیور نے اپنے مداحوں سے اس سلسلے میں مدد مانگی ہے۔ نوسر باز ہول سیل ڈسٹری بیوٹر کا روپ دھار کر آئے اور پنیر کی کھیپ لے اڑے۔
چوری کی تفصیلات
لندن کی معروف نیلز یارڈ ڈیری سے کم و بیش 22 ہزار کلو گرام ہائی اینڈ، ایوارڈ وننگ چیڈر چیز پر ہاتھ صاف کیا گیا۔ پنیر کی یہ ورائٹی عالی شان ہوٹلوں میں یا پھر شادی کی ہائی پروفائل تقریبات میں استعمال ہوتی ہے۔
جیمی اولیور کی درخواست
جیمی اولیور نے، جو ’برہنہ باورچی‘ کی عرفیت سے بھی معروف ہیں، انسٹا گرام پر اپنے ایک کروڑ پانچ لاکھ فالورز سے استدعا کی ہے کہ دھوکے سے ہتھیائے گئے پنیر کا سراغ پائیں تو فوری طور پر مطلع کریں۔
چوری کی مالیت
چرائے جانے والے اعلیٰ درجے کے پنیر کی مجموعی مالیت تقریباً تین لاکھ برطانوی پاؤنڈ تھی۔ اسے اپنی نوعیت کی سب سے بڑی واردات قرار دیا جارہا ہے۔ یہ واردات 21 اکتوبر کی ہے۔
چیڈر پنیر کی شہرت
چیڈر چیز کو یہ نام جنوب مغربی انگلینڈ کے ایک گاؤں سے ملا ہے جہاں سے اس نوعیت کے پنیر نے جنم لیا تھا۔ یہ پنیر کی سب سے مہنگی ورائٹی ہے۔