قربانی کا جانور حلال کی کمائی سے خریدا جائے، علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی
لاہور میں خطبہ جمعہ
لاہور (آئی این پی) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ قربانی کا جانور حلال کی کمائی سے خریدا جائے، سنت ابراہیمی کا بنیادی مقصد رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیاتِ مبارکہ میں قربانی کا اہتمام فرمایا اور اپنی اُمت کو بھی اس کی تاکید فرمائی۔
یہ بھی پڑھیں: اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں 2روپے 52 پیسے فی کلو کمی کر دی
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات
ایک موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عید الاضحی کے دن کوئی نیک عمل اللہ تعالیٰ کے نزدیک قربانی کا خون بہانے سے محبوب اور پسندیدہ نہیں۔ سنتِ ابراہیمی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اللہ تعالی کی راہ میں اپنی محبوب ترین چیز پیش کی جائے جس کا مقصد صرف اور صرف اس کی خوشنودی و رضا کا حصول ہو۔ اہم بات یہ ہے کہ اس میں ریا کاری نہ ہو۔ قربانی کا اصل فلسفہ تقویٰ اور اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے، اگر اسی جذبے سے قربانی کی جائے تو یقیناً وہ بارگاہ الٰہی میں شرف قبولیت پاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی خدمت کرنا مسلم لیگ ن کا شیوہ ہے، ملک منظور حسین
عید الاضحی کی اہمیت
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی دو عیدوں میں ایک عید الاضحی ہے، جو ذی الحجہ کی دسویں تاریخ کو عالم اسلام میں پورے جوش و خروش سے منائی جاتی ہے۔ عید الاضحی اس بے مثال قربانی کی یادگار ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کی تھی۔
قربانی کی قبولیت
قربانی کی قبولیت میں جو چیز کار فرما ہے وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حسنِ نیت اور صدق و اخلاص ہے۔ عمل اگر صدق و اخلاص کی بنا پر ہو تو وہ اگرچہ قلیل تر ہی کیوں نہ ہو، انسان کا درجہ بلند تر کر دیتا ہے۔








