سائیکل کو اپنا کر صحت اور قدرتی ماحول کو بچایا جا سکتا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سائیکل کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ سائیکل انسانی صحت اور تحفظ ماحولیات کے لئے بہترین سواری ہے۔ سائیکل کو اپنا کر صحت اور قدرتی ماحول کو بچایا جا سکتا ہے۔ شہروں میں ازسرنو سائیکلنگ کے کلچر کی اہمیت کا عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتی کوششیں رائیگاں، سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی کمیٹی میں شرکت سے پھر انکار
یورپ کی مثال
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یورپ میں آج بھی سائیکل کو بطور سواری استعمال کیا جاتا ہے تو یہاں کیوں نہیں؟ سائیکل نہ صرف ایندھن کی بچت کرتی ہے بلکہ آلودگی اور بیماری سے بچاتی ہے۔ سکول اور کالجز کے طلباء کو سائیکلنگ کی ترغیب دی جائے، اور طلباء کو سائیکل کے استعمال کے فوائد سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔
صحت مند طرز زندگی
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی کے لئے سائیکل کے استعمال کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ یو این او بھی 2018ء سے سائیکل کو سستی اور ماحول دوست سواری قرار دے کر اس کی اہمیت کا اقرار کر چکی ہے۔ صحت مند اور محفوظ ماحول کے لئے سائیکلنگ کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔