گاڑی کی ٹکر لگنے پر مشتعل افراد کا سینئر اداکار راشد محمود پر تشدد

تشدد کا واقعہ
رحیم یار خان(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں اداکار راشد محمود پر مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اداکار کو مشتعل افراد نے گاڑی کی ٹکر لگنے کے بعد رحیم یار خان میں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ گاڑی کو نقصان پہنچا کر شناختی کارڈ چھین کر لے گئے۔ تشدد کے نتیجے میں اداکار کے چہرے اور سینے پر اندرونی چوٹیں آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سپیکر نے بجٹ کے لیے قومی اسمبلی کے شیڈول کی منظوری دے دی
حادثے کی تفصیلات
راشد محمود نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کو لینے رحیم یار خان کی جانب جا رہے تھے کہ اس دوران موٹر وے سے رحیم یار خان انٹرچینج کے قریب انہوں نے غلط سمت میں گاڑی موڑی۔ ایک سڑک پر چلتے چلتے وہ شیخ زید پل کے قریب پہنچ گئے۔ پل کے سامنے ایک ڈھلوان اور مٹی کا ٹیلہ تھا، اسی مقام پر ایک موٹر سائیکل تیز رفتاری سے آ رہی تھی، جس پر ایک مرد، تین خواتین اور دو بچے سوار تھے۔ راشد محمود نے کہا کہ موٹر سائیکل اتنی تیزی سے ان کی گاڑی سے ٹکرائی کہ وہ بھی خوفزدہ ہو گئے۔ حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار تمام افراد ایک جانب جا گرے، مگر کسی کو شدید چوٹ نہیں آئی۔ تاہم، اسی دوران قریبی افراد موقع پر پہنچ گئے اور بغیر تحقیق کئے تشدد شروع کر دیا۔ انہوں نے مشتعل افراد نے نہ صرف میری گاڑی کو نقصان پہنچایا بلکہ شناختی کارڈ اور دیگر اشیاء چھیننے کی کوشش بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا ایک اور حیرت انگیز تعمیراتی منصوبہ، مکعب نامی یہ عمارت 400 میٹر اونچی، 400 میٹر چوڑی اور 400 میٹر لمبی ہوگی
مدد کا حصول
اداکار راشد محمود کا کہنا تھا کہ اس دوران ایک نیک دل شخص نے ان کی مدد کی اور ہجوم سے بچا کر انہیں محفوظ مقام تک لے گیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ بعد ازاں راشد محمود کو پولیس اسٹیشن سے کال موصول ہوئی جس میں ان سے رہائش اور فون نمبر کی تفصیل لی گئی۔
صدمے کا اظہار
راشد محمود نے کہا کہ وہ اس واقعے سے شدید صدمے میں ہیں، اگر ان کے ساتھ کوئی اور ہوتا تو شاید وہ اس افسوسناک حملے سے بچ جاتے۔ راشد محمود کے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کی شخصیات نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے واقعے کی مکمل تحقیقات اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے.