وزیر اعلیٰ نے سوشیو اکنامک ریفارمز کے ذریعےحقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی:صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ

صوبائی وزیر کی تعریف
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مالی سال 26-2025 کے لیے ایک تاریخی، عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کابینہ نے صوبے میں امن وامان سے متعلق ایکٹ کی منظوری دے دی
بجٹ کی تفصیلات
انہوں نے کہا کہ 5335 ارب روپے کے کل بجٹ اور 1240 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی بجٹ کے ساتھ پنجاب تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اس بجٹ میں تمام طبقات کا خیال رکھا گیا ہے، خاص طور پر معاشرتی تحفظ کے شعبے کے لیے 70 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشیو اکنامک ریفارمز کے ذریعے صوبے میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے جو کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
خصوصی اقدامات
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے عزت نفس پر مبنی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے "ہمت کارڈ پروگرام" کے تحت 4 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جو حکومت کی عوامی فلاح کے عزم کا مظہر ہے۔ اسی طرح بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ بہاولپور، مظفرگڑھ اور سرگودھا میں جدید اولڈ ایج ہومز کے قیام کے لیے 34 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ نادار بیٹیوں کی باعزت رخصتی کو ممکن بنانے کے لیے دھی رانی پروگرام کے تحت 1 ارب 70 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے، جو کہ ایک قابل ستائش اور انسان دوست اقدام ہے۔