پی ٹی آئی کا وفد ایرانی سفارتخانے پہنچ گیا، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، ایرانی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار، بانی کا پیغام بھی پہنچایا
عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی وفد کا ایرانی سفارتخانے کا دورہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کا وفد ایرانی سفارتخانے پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کی، جبکہ چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی چیف وہیپ عامر ڈوگر، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل، رکن قومی اسمبلی خواجہ شیراز اور غلام محمد لالی بھی وفد میں شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے خود وفد کا حصہ بنایا، ڈاکٹر شمع جونیجو کا وضاحتی بیان
اسرائیلی جارحیت کی مذمت
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا سمیت علامہ ناصر عباس بھی ایرانی سفارتخانے پہنچے۔ وفد نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ تحریک انصاف کے قائدین نے ایرانی عوام کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ایرانی سفارتخانے کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام بھی پہنچا دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کی فضا بدستور آلودہ، اے کیو آئی 300 کی سطح سے نیچے نہ آسکا
صیہونی فورسز کی جارحیت

تحریک انصاف کے وفد نے کہا کہ "صیہونی فورسز کی جارحیت قابل مذمت ہے، ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اسرائیل کے غزہ اور ایران پر حملے انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔ کوئی شک نہیں کہ اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں اُڑا رہا ہے۔ عالمی سطح پر ایران کے دفاع کا حق تسلیم کیا جائے۔ مسلم اُمہ کو اب صرف بیانات نہیں، عملی قدم اٹھانا ہوگا۔"
پاکستانی عوام کی حمایت
پی ٹی آئی کے وفد نے یہ بھی کہا کہ "اسرائیل خود عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے، پاکستانی عوام ایران کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، غزہ سے تہران تک مظلوموں کی آہیں عالمی ضمیر جھنجھوڑ رہی ہیں۔"








