این ڈی ایم اے ممکنہ سیلاب بارے ایڈوائزری جاری کردی

پاکستان میں ممکنہ سیلاب کی ایڈوائزری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلاب کے بارے میں ایڈوائزری جاری کردی۔
موسمی صورتحال
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے این ڈی ایم اے کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے سسٹم پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔ یہ سسٹم مغربی ہواؤں کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا سبب بنے گا۔
بارش کی پیش گوئی
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شام یا رات کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش متوقع ہے۔ مقامی ندی نالوں میں اچانک پانی بڑھنے سے سیلاب کا خطرہ ہے۔ پہاڑی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی بندش اور سیلاب زدہ علاقوں میں املاک کو نقصان کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہاٹ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور گردونواح میں بارش، گرج چمک اور آندھی کی پیش گوئی کی ہے۔
احتیاطی تدابیر
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ گرج چمک اور آندھی سے کمزور درخت اکھڑ سکتے ہیں اور بجلی کی عارضی بندش ہو سکتی ہے۔ گردوغبار اور تیز ہوائیں کمزور عمارات، گاڑیوں، چھتوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
سڑک حادثات کا خطرہ
بارش اور گردوغبار سے حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے سڑک حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ درختوں، بل بورڈز اور غیر محفوظ ڈھانچوں سے دور رہیں۔ گاڑیوں کو محفوظ اور ڈھکی جگہ پر پارک کریں۔ طوفان کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ کسی بھی معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔