محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

محرم الحرام 1447ھ کا چاند
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) محرم الحرام 1447ھ کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
اجلاس کی تفصیلات
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت بعد نماز عصر ڈی سی آفس کوئٹہ میں منعقد ہوگا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے صوبائی دارالخلافوں میں منعقد ہوں گے۔
چاند کی رویت کا اعلان
ترجمان کے مطابق چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔
سپارکو کی پیشگوئی
دوسری جانب سپارکو نے محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کی پیشگوئی کی ہے جس کے مطابق آج (26 جون) کو غروب آفتاب کے وقت ہلال کی عمر تقریباً 28 گھنٹے اور 15 منٹ ہوگی۔ ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب (چاند ڈوبنے) کے درمیان متوقع مدت 75 منٹ ہوگی۔ یہ مدت ہلال کی رویت کے لیے موافق ترین حالات فراہم کرے گی۔
مزید معلومات
ترجمان سپارکو کے مطابق فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر 26 جون 2025 کی شام صاف موسم کی صورت میں محرم کا نیا چاند نظر آنے کے امکانات بہترین ہیں، یکم محرم الحرام 1447 ہجری 27 جون 2025 کو متوقع ہے۔