بہاولپور: سسرال والوں کا ناروا سلوک، خاتون 3 کمسن بچیوں کے ساتھ نہر میں کود گئی

خود کشی کی کوشش کا واقعہ
بہاولپور(ڈیلی پاکستان آن لائن) تحصیل خیرپور ٹامیوالی میں خاتون نے سسرال والوں سے جھگڑے کے بعد بچیوں کے ساتھ نہر میں کود کر خود کشی کی کوشش کی۔
تفصیلات
نجی ٹی وی جیو نیوز نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ سسرال کے ساتھ آئے روز کے گھریلو جھگڑوں سے تنگ خاتون نے اپنی 3 کم سن بچیوں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا کر خود کشی کرنے کی کوشش کی۔
بروقت کارروائی
واقعے کے بعد موقع پر موجود اہل علاقہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور بچیوں کو نہرسے نکال لیا۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ خاتون نے دیور اور سسرال کے ناروا رویے سے تنگ آکر یہ انتہائی قدم اٹھایا ہے، 3 بچیوں میں سے ایک بچی کی حالت غیر ہوگئی جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خیرپور ٹامیوالی منتقل کردیا گیا۔