پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں بے پناہ مواقع موجود ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

عالمی مائیکرو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ کا دن
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مائیکرو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو حکومت کی توجہ مرکوز کرنا ہے۔ پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ایس ایم ایز کے تاجروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے۔ حکومت پنجاب آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے ایس ایم ایز کو سہارا دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ
آسان کاروبار سکیم کے فوائد
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آسان کاروبار کارڈ اور آسان فنانس کے ذریعے 107800 افراد کو بزنس کے لیے 75 ارب روپے کے قرضے جاری کر چکی ہیں۔ آسان کاروبار سکیم کے ذریعے ٹرانسپورٹ سیکٹر اور ہول سیل کے کاروبار کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ لائیو سٹاک، زراعت، دستکاری اور گارمنٹس سمیت ہر شعبے میں ایس ایم ایز کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ چھوٹے کاروباروں میں سرمایہ کاری اقتصادی استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ چھوٹے کاروبار اور انٹرپرینیورشپ میں جدت کی حوصلہ افزائی اور فروغ کے لیے اقدامات کے عزم کا دن ہے۔
انٹرپرینیورشپ کے کلچر کے فروغ کی ترجیحات
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ کے کلچر کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ایس ایم ایز سے روزگار میں اضافہ کے ساتھ خوشحالی بھی آتی ہے۔ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (SMEs) معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ بجٹ میں ٹیکس نہ بڑھا کر ایس ایم ایز کو بہت فائدہ دیا جا رہا ہے۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال سازگار ہے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت چھوٹی انڈسٹریز کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔ درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے لوجسٹک سپورٹ، ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔