پیغمبر آخر الزماں ﷺ کا لایا نظام ہی دنیا کو انتشار اور فساد سے بچا سکتا ہے:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا ملائیشیاء میں کانفرنس سے خطاب
کوالالمپور میں جماعت اسلامی کے امیر کا پیغام
کوالالمپور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کا لایا ہوا نظام ہی دنیا کو انتشار اور فساد سے بچا سکتا ہے۔ اسلامی ہمدردی اور خیرخواہی کا دین ہے۔ مسلمان دنیا میں امن کے قیام کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں مگر امریکہ اسلام دشمنی میں ہر جگہ مسلمانوں کے قتل عام کی سرپرستی کر رہا ہے۔ انسانیت کو جنگ و جدل اور خون خرابے سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ یہاں اللہ کی مرضی کا نظام قائم ہو۔ اوور سیز پاکستانی فلسطین و کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کے لیے خوشخبری، 8 سال انتظار کے بعد لاہور میں زرافہ دیکھ سکیں گے: وزیر اعلیٰ کا ’’ایکس‘‘ پر پیغام
ملائشیا میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملائشیا میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب اور صوبہ الورستار کداہ اور ہرلیس کے وزرائے اعلیٰ محمد سنوسی محمد نور، محمد شکری رملی اور ملائیشیا کی پاس پارٹی کے سینیٹر مصدق سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن، اسلامک سرکل آف ملائیشیا کے صدر ڈاکٹر محمد حیات اور سیکریٹری جنرل سجاد اکبر نے بھی خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے مشہور ٹینس اسٹار اینڈی مرے کا ریکٹ گولڈن نیلامی میں 73ہزار 200 ڈالر میں فروخت
امریکہ کی دوہرے معیار کی پالیسی
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹرمپ ہر جگہ جنگیں ختم کرنے کے دعوے کر رہے ہیں مگر اسی امریکہ نے اسرائیل کو فلسطین میں قتل عام کا لائسنس دے رکھا ہے اور ایران پر بلا جواز حملہ کیا۔ جماعت اسلامی پاکستان سمیت اسلامی دنیا کی آزادی اور خود مختاری کے بڑے مقصد کے حصول کی جدوجہد کر رہی ہے اور اس جدوجہد میں اوور سیز پاکستانی بڑا مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے تاحال آئینی عدالت کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا: سلمان اکرم راجا
ملک میں بارشوں اور سیلاب کی تباہی
حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی ہے کہ اس نے 88ء میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد بھی کوئی پیشگی انتباہی نظام کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ اگر حکمرانوں کو ملک اور عوام کو بچانے کی کوئی فکر ہوتی تو اتنی بڑی تباہی نہ آتی۔ با اثر طبقہ نے اپنے علاقوں کو بچانے کے لیے سیکڑوں دیہات اور لاکھوں لوگوں کو سیلاب کی نذر کردیا۔ لاکھوں ایکڑز پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اور ہزاروں مویشی ڈوب گئے۔
کرپشن کا مسئلہ اور جماعت اسلامی کا عزم
انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدیانتی حکمرانوں کی رگوں میں رچ بس چکی ہے۔ اگر ان لوگوں کے دل میں اللہ کا خوف ہوتا تو یہ اپنے مفاد کے لیے عوام کو نقصان نہ پہنچاتے۔ جماعت اسلامی پر لوگ غیر متزلزل اعتماد رکھتے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ ہم آئین و قانون کی بالاستی پر یقین رکھتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی طرف عوام کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی بہت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔








