جھوٹ پہ جھوٹ۔۔۔ بھارتی گودی میڈیا اور بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج کی سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم پھر بے نقاب ہو گئی

بھارتی گودی میڈیا کی پاکستان مخالف مہم
لاہور (طیبہ بخاری سے) ’’جھوٹ پہ جھوٹ‘‘۔۔۔ بھارتی گودی میڈیا اور بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج کی سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم پھر بے نقاب ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: آن لائن جوئے کی تشہیر، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اقرا کنول عرف سسٹرولوجی، ندیم مبارک عرف نانی والا اور محمد حسنین شاہ کے خلاف 3 مقدمات درج
بھارتی پروپیگنڈا کا بے نقاب ہونا
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں بھارت کا پروپیگنڈا بری طرح بےنقاب ہورہا ہے۔ بھارت کا گودی میڈیا مودی سرکار کی آشیر باد سے نت نئے شوشے چھوڑ رہا ہے، ایسی بے بنیاد خبریں پھیلا رہا ہے جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں۔ بھارتی گودی میڈیا نے جعلی خبریں اور مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے پاکستان مخالف مہم شروع کر رکھی ہے، جس کا مقصد مودی سرکار کی عالمی سطح پر کھوئی ساکھ بچانا اور ’’آپریشن سندور‘‘ کی ناکامی پر خفت مٹانا ہے۔
لیکن ابھی تک مودی سرکار، گودی میڈیا اور بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج تینوں اپنے مذموم مقاصد میں ناکام رہے ہیں اور انہیں مایوسی اور ناکامی کے سوا کچھ نہیں مل رہا۔ جیسے ہی وہ پاکستان مخالف مہم میں کوئی شوشہ چھوڑتے ہیں، سوشل میڈیا پر بے نقاب ہو جاتے ہیں اور منہ کی کھاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
جھوٹی خبریں اور بے بنیاد دعوے
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بھارتی گودی میڈیا اور بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ سوشل میڈیا پر مختلف ناموں مثلاً ’’بابا بنارس‘‘، ’’برہان الدین‘‘ اور ’’THE UNKNOWN MAN‘‘ کے ذریعے جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ ’’طالبان جنگجوؤں نے سرحد عبور کرتے ہوئے پاکستان کے جنوبی وزیرستان کے علاقوں شکی، مکیں اور لدھا میں متعدد چوکیوں پر حملے کیے ہیں،‘‘ جبکہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور ایسے دعوؤں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
’’برہان الدین‘‘ نامی اکاؤنٹ سے تو یہاں تک دعویٰ کیا گیا کہ ’’اسلام آباد میں 2 زوردار دھماکے ہوئے ہیں‘‘۔ جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔ جنوبی وزیرستان میں چوکیوں پر حملے ہوئے نہ ہی اسلام آباد میں دھماکے ہوئے۔ یہ سب فیک نیوز اور جھوٹا پراپیگنڈہ نکلا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کبھی مقبوضہ کشمیر کیوں نہیں گئے؟ وجہ سامنے آگئی
سچائی کا انکشاف
ابھی چند روز قبل بھارت کی جھوٹی خبروں کا بھانڈا پاکستانی شہری عادل داوڑ نے اپنے ویڈیو پیغام میں پھوڑا تھا اور خود تمام جھوٹے دعوؤں کو مسترد کر دیا تھا۔ ہوا کچھ یوں تھا کہ بھارتی گودی میڈیا نے شمالی وزیرستان کے شہری عادل داوڑ کو ’’شہید پاکستانی میجر‘‘ قرار دیتے ہوئے جعلی خبر چلائی۔ عادل داوڑ نے ویڈیو پیغام میں سچ پوری دنیا کو بتایا کہ ’’میرا نام عادل داوڑ ہے، میں شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والا سیاسی و سماجی کارکن ہوں، بھارتی میڈیا نے میری آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے تیار کردہ جعلی تصویر چلائی، جس میں مجھے فوجی وردی پہنا کر کہا گیا میں ایک میجر ہوں اور پاک، افغان بارڈر پر شہید ہوا۔ بھارت کا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنا صحافت اور صحافتی اصولوں کی توہین ہے۔»
فیک نیوز کا منظم پروپیگنڈا
واضح رہے کہ مودی سرکار، گودی میڈیا اور افغانستان میں بسنے والے بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات کے ذریعے پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے دوران بھی گودی میڈیا جعلی تصاویر اور جھوٹی خبروں کے ذریعے عالمی سطح پر جگ ہنسائی کا باعث بن چکا ہے۔