اسٹیٹ بینک نے یکم جنوری سے غیرملکی کرنسی کی خرید و فروخت کے لیے بڑی شرط عائد کردی
اسٹیٹ بینک کی نئی ہدایات
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں کام کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ یکم جنوری سے غیرملکی کرنسی کی خرید و فروخت کے لیے آنے والے ہر شہری کی بائیومیٹرک کے ساتھ ساتھ فیشل ریکگنیشن (چہرے کی شناخت) کے ذریعے بھی لازمی تصدیق کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 2 بچوں کو قتل کرنے والی ماں 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
نئے نظام کا نفاذ
ہم نیوز کے مطابق اس فیصلے کے تحت اب کوئی بھی شخص جب غیرملکی کرنسی خریدنے یا منی ایکسچینج پر فروخت کرنے آئے گا تو اس کی شناخت نادرا کے فیشل ریکگنیشن سسٹم کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کے ساتھ لازمی طور پر کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں غیرقانونی کرنسی لین دین کی روک تھام اور نادرا و سٹیٹ بینک کے پاس غیرملکی کرنسی کی خرید و فروخت کرنے والے تمام افراد کا مکمل، درست اور مستند ریکارڈ مرتب کرنا ہے۔
منی چینجرز کے لیے ہدایات
اسٹیٹ بینک نے ایک باضابطہ سرکلر کے ذریعے منی چینجرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی تمام برانچوں میں ہائی ریزولوشن کیمرے نصب کریں جو نادرا کے سسٹم سے منسلک ہوں، تاکہ شناخت کا عمل تیز، محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے۔







