سینئر صحافی حاجی بشیر حسین چمن سپردِ خاک، صحافتی و سماجی حلقوں کا لواحقین سے اظہار تعزیت
مرحوم حاجی بشیر حسین چمن کا انتقال
چنیوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چنیوٹ کے سینئر ترین صحافی، سابق صدر پریس کلب چنیوٹ اور روزنامہ ’’جنگ‘‘ کے نمائندہ حاجی بشیر حسین چمن طویل علالت کے بعد قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کی وفات سے صحافتی حلقوں، سماجی و سیاسی شخصیات اور اہلِ علاقہ میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم سینئر صحافی مرتضیٰ معاویہ چمن (جیو نیوز)، امیر عمر چمن (اے آر وائی نیوز)، ڈاکٹر عون محمد چمن، علی المرتضیٰ چمن اور عبداللہ چمن کے والد بزرگوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: روس کے بحری جہاز کی جرمن ہیلی کاپٹر پر فائرنگ
نمازِ جنازہ اور تدفین
مرحوم کی نمازِ جنازہ تبلیغی مرکز چنیوٹ میں ادا کی گئی، جس میں صحافی برادری، سیاسی رہنماؤں، انتظامیہ کے افسران، علما کرام، وکلاء، تاجروں اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان عقب پہاڑی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
تعزیت اور تاثرات
صحافتی و سماجی حلقوں نے حاجی بشیر حسین چمن کی وفات کو چنیوٹ کی صحافت کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔








