مدارس میں سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا
سالانہ امتحانات کا آغاز
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جامعہ بنوریہ عالمیہ سمیت ملک بھر کے دینی مدارس میں سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا۔ بین الاقوامی دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں تعلیمی سال 2025-26ء کے سالانہ امتحانات میں جامعہ کے ملکی و غیر ملکی تمام شعبہ جات کے طلباء و طالبات شریک ہیں، جو 15 جنوری تک جاری رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی دوحہ پہنچ گئے
بین الاقوامی طلباء کی شرکت
جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری اعلامیے کے مطابق جامعہ بنوریہ عالمیہ پاکستان کی واحد بین الاقوامی دینی درسگاہ ہے جہاں 76 ممالک سے تعلق رکھنے والے 5 ہزار سے زائد طلباء و طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ ان طلباء کے لیے عالمی معیار کے مطابق امتحانی نظم تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت درسِ نظامی، مختلف تخصصات اور شعبۂ عصری تعلیم کے ملکی وغیر ملکی طلباء امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آصف علی زرداری سے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات
مہتمم کا تفصیلی جائزہ
سالانہ امتحانات کے آغاز کے موقع پر مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے امتحانی انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ امتحانی کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدارسِ دینیہ کا تعلیمی اور امتحانی نظام شفافیت، دیانت اور میرٹ کی روشن مثال ہے، جہاں نقل، سفارش اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ دینی مدارس نہ صرف دینی علوم کے تحفظ اور فروغ کا فریضہ انجام دے رہے ہیں بلکہ مفت اور معیاری تعلیم کے ذریعے وطنِ عزیز کی فکری، اخلاقی اور سماجی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دینی مدارس ہر دور میں امت کی رہنمائی کا مرکز رہے ہیں اور آج بھی دنیا بھر میں مدارس کے فضلاء اور علماء علمی، دینی اور دعوتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
امتحانی انتظامات کی شفافیت
انہوں نے امتحانی عمل میں دیانت داری، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ تعلیمی معیار اور نظمِ امتحانات میں اپنی مثالی روایت کو برقرار رکھے گی۔








