ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی ممالک کی افواج کو ’’دہشتگرد گروہ‘‘ قرار دے دیا
ایرانی پارلیمنٹ کا متنازعہ فیصلہ
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی ممالک کی افواج کو ''دہشتگرد گروہ'' قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی فضل الرحمان سے ملاقات، بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے پر اتفاق
جواب میں کارروائی
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا ردعمل ہے۔ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکان نے پاسداران انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر پاسداران کی سبز وردیاں پہن رکھی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی پارلیمنٹ پاکستان سے اظہار تشکر کے نعروں سے گونج اٹھی
پارلیمانی اجلاس کی تفصیلات
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اراکین نے اجلاس میں ''امریکا مردہ باد''، ''اسرائیل مردہ باد'' اور ''یورپ شرم کرو'' کے نعرے لگائے۔ یورپی یونین کے فیصلے کو ''غیر ذمہ دارانہ اقدام'' قرار دیتے ہوئے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ''پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے خلاف جوابی اقدامات سے متعلق قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ تصور کیا جائے گا''۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو پاکستان مخالف بیانیہ بنا کر سیاست نہیں کرنے دیں گے، ایم کیو ایم پاکستان
آئندہ کے اثرات
خبررساں ایجنسی کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس فیصلے کے فوری طور پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ قانون پہلی مرتبہ 2019 میں منظور کیا گیا تھا جب امریکا نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی یورپی ممالک کے فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر غور کرے گی اور اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا۔
تاریخی پس منظر
خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کا آج ہونے والا اجلاس ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی آیت اللہ خمینی کی جلاوطنی سے واپسی کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوا۔








